نئی دہلی، 5/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی )ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے تازہ اطلاع جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 2000 روپے کے 98.04 فیصد نوٹ بینکنگ نظام میں واپس آ چکے ہیں۔ اب عوام کے پاس صرف 6970 کروڑ روپے مالیت کے 2000 روپے کے نوٹ باقی رہ گئے ہیں۔ آر بی آئی کے مطابق، 19 مئی 2023 کو کاروبار کے اختتام پر مجموعی طور پر 3.56 لاکھ کروڑ روپے کی مالیت کے 2000 روپے کے نوٹ گردش میں تھے، جو کہ 31 اکتوبر 2024 کو کاروبار ختم ہونے تک کم ہو کر 6970 کروڑ روپے رہ گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ آر بی آئی نے 19 مئی 2023 کو 2000 روپے کے بینک نوٹ کو چلن سے واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ ان نوٹوں کو جمع کرنے یا بدلنے کی سہولت 7 اکتوبر 2023 تک سبھی بینک برانچ میں دی گئی تھی۔ یہ سہولت اب بھی ریزرو بینک کے 19 دفاتر میں دستیاب ہے۔ جب مرکزی بینک نے 2000 روپے کے بینک نوٹ چلن سے باہر کیے تھے تب 7 اکتوبر 2023 تک لوگوں کو یہ سہولت دی گئی تھی کہ وہ اسے اپنے قریب کے کسی بھی بینک برانچ میں جمع کرا سکیں۔ اس کے بعد لوگوں کو آر بی آئی کے ریجنل دفاتر اور پوسٹ کے ذریعہ سے نوٹ بدلوانے کی سہولت دی گئی۔ آر بی آئی کے ریجنل دفاتر احمد آباد، بنگلورو، بیلاپور، بھوپال، بھونیشور، چنڈی گڑھ، چنئی، گواہاٹی، حیدر آباد، جئے پور، جموں، کانپور، کولکاتا، لکھنؤ، ممبئی، ناگپور، نئی دہلی، پٹنہ اور ترووننت پورم میں ہیں۔